آرمی چیف سے سری لنکن فوج کے کمانڈر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

 آرمی چیف سے سری لنکن فوج کے کمانڈر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: آرمی چیف سے سری لنکن فوج کے کمانڈر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
سورس: فوٹو/بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ سے سری لنکن فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے سری لنکن فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس سلواکا نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ہے۔ سری لنکا کے کمانڈر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر جنرل سلواکا نے پاک سری لنکا تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنرپیش کیا اور سری لنکن کمانڈر نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے عسکری تعلقات کے بارے میں بات کریں تو لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلم (ایل ٹی ٹی ای) کے ساتھ جنگ کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔ اُس وقت پاکستان نے ایل ٹی ٹی ای سے مقابلہ کرنے کے لیے سری لنکا کی فوج کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔

1971 میں بھارت نے مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) اور مغربی پاکستان میں تنازعات کے درمیان اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس وقت سری لنکا نے مغربی پاکستان کو فضائی حدود فراہم کی تھیں۔

پاکستان بھی سری لنکا کو بنیادی چھوٹے ہتھیار سپلائی کرتا رہا ہے۔ نیز دونوں ممالک کی مشترکہ فوجیں مشقیں بھی ہوتی رہی ہیں۔

مارچ 2009 میں لاہور میں منعقدہ کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن ٹیم کی بس پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان جانے کا فیصلہ کھلاڑیوں کی ایما پر چھوڑ دیا تھا۔