ابوظہبی:افغانستان کرکٹ ٹیم مسلسل کامیابیوں کی طرف گامزن ہے ۔ ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کو 45 رنز سے شکست دے کر تین ٹی 20 میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ کریم جنت نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عثمان غنی 49، محمد نبی 40، نجیب اللہ 12، اصغر افغان 14 اور راشد خان 9 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزارابانی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 44 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رچرڈ انگراوا، ڈونلڈ تریپانو اور ریان برل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم ہدف کے تعاقب میں 17.1 اوورز میں محض 148 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ ریان برل نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے جبکہ تریسائی موساکاندا 22، سین ولیمز 9، ویزلے مادھیویر 7، سکندر رضا 15، ریچمونڈ موتومبانی 21 اور ڈونلڈ تریپانو 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے لیگ سپنر راشد خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے تین اوورز میں 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نوین الحق اور محمد نبی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ امیر حمزہ، فرید ملک اور کریم جنت ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔