ہماری کوشش ہے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہوں: وزیر داخلہ

ہماری کوشش ہے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہوں: وزیر داخلہ

فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے پورے ملک میں ایک ہی بار قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوں مگر جو سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہو گا اس پر عملدرآمد کریں گے۔ عمران خان نے مسلح جتھوں کے ساتھ مل کر جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، اس طرح سے عدالت جانا غنڈہ گردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مسلسل جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ اور بدتہذیبی کے کلچر کو فروغ دیا اور سیاسی مخالفین پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مسلح جتھوں کے ساتھ مل کر جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، اس طرح سے عدالت جانا غنڈہ گردی ہے اور اگر یہی روایت برقرار رہی تو آئندہ کوئی بھی شخص مسلح جتھوں کے ساتھ عدالت جا کر دباؤ ڈالے گا اور قانون کو روند دے گا۔ 
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو عدالت کے باہر ہی حاضری لگوانی تھی تو یہ کام کینال روڈ یا ٹول پلازہ پر بھی ہو سکتا تھا، مریم نواز نے عمران خان کی فتنہ فساد کی نام نہاد سیاست کو بے نقاب کیا اور وہ آئندہ بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتی رہیں گی، ہمیں معلوم ہے کہ مریم نواز آپ کو کتنی تکلیف پہنچا رہی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءکا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانات اس کے دل میں بغض کا نتیجہ ہیں، اب وہ یہ بھی بتائے کہ خزانے کو جو 50 ارب کا ٹیکہ لگایا وہ کہاں ہیں، اپنی فرنٹ پرسن فرح گوگی کا بتائیں کہ وہ کہاں ہیں، اس شخص کولوٹ مار کا حساب دینا ہو گا، آج نہیں تو کل اسے تمام چیزوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا حساب دینا ہو گا۔ 
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں غیر آئینی انتخابات ہونے جا رہے ہیں کیونکہ نگراں سیٹ اپ صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات کروانے کا پابند ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابی نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا اور پھر اس سے ملک میں غیر یقینی صورتحال بڑھے گی جو آپ کی خواہش ہے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات ہوں مگر جو سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہو گا اس پر عملدرآمد کریں گے اور جب بھی الیکشن ہوئے تو قوم آپ کو ووٹ کی طاقت سے ہی مسترد کرے گی۔

مصنف کے بارے میں