ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کاعمل جاری

ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کاعمل جاری

تہران : ایران میں 12ویں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق، ایران بھر کے صوبوں، شہروں اور دیہی علاقوں میں ووٹروں میں خاصہ جوش خروش میں دیکھنے میں آرہا ہے.پہلی بار ووٹ ڈالنے کے اہل ساڑھے 13 لاکھ سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے پسندیدہ امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے بڑے پر جوش دکھائی دے رہے ہیں.

ایران کے مرکزی الیکش آفس کے مطابق، پانچ کروڑ 64 لاکھ سے زائد ایرانی شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، اور آج جمعے کے دن پولنگ میں حصہ لیں گے.ایران کے صدارتی انتخابات میں 6 امیدوار میدان میں تھے جن میں سے دو امیدوارو انتخابات سے دستبردار ہوگئے. اس وقت چار امیدوار میدان میں جن میں سید مصطفی آقامیرسلیم، حسن روحانی، سید ابراہیم رئیسی اور سید مصطفی ہاشمی طبا شامل ہیں.

انتخابات سے قبل کرائے جانے والے رائے عامہ کے جائزوں اور سروے رپورٹوں کے مطابق 12ویں صدارتی انتخابات میں رائے شماری کا تناسب 67 سے زیادہ رہنے کی توقع ہے.

ایرانی عوام مقابلے کے میدان میں موجود چار امیدواروں میں ایک کو آئندہ چار سال کے لئے ملک کا صدر منتخب کریں گے.

رائے عامہ کے جائزوں سے اس بات کا بھی اندازہ لگایا جارہا ہے کہ صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوجائیں گے اور شاید پہلے مرحلے میں کسی امیدوار کے لئے مطلوبہ پچاس فی صد ووٹ حاصل کرنا ممکن نہیں ہو. دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا اور فیصلہ اکثریتی ووٹوں کی بنیاد ہوگا.

ایران کے انتخابی قوانین کے تحت کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لئے کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے پچاس فی صد ووٹوں کا حاصل کرنا ضروری ہے. بصورت دیگر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان ایک ہفتے کے اندر دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔ اگر صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوتے ہیں تو جمعہ 26 مئی کو دوسرے مرحلے کے لئےووٹ ڈالے جائیں گے.

اس وقت ایران سمیت دنیا کے 102 ممالک بشمول پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا، چین، عراق، ترکی، افغانستان اور دنیا کے مختلف شہروں میں بھی 12ویں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے.

ایران بھر میں صدارتی انتخابات کے لئے 63 ہزار 500 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں تا کہ ایرانی عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں