آصف زرداری کا حقوق فاٹا کی ہر تحریک میں ساتھ دینے کا اعلان

 آصف زرداری کا حقوق فاٹا کی ہر تحریک میں ساتھ دینے کا اعلان

اسلام آباد: زرداری ہاؤس اسلام آباد میں فاٹا کے ارکان پارلیمنٹ نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی سے ملاقات کی۔ سابق صدر نے ملاقات میں کہا فاٹا کے حقوق کے لیے مقامی لوگوں نے شہر اقتدار میں دھرنا دیا تو شرکاء کو روزانہ افطار ڈنر دوں گا۔

آصف زرداری نے یقین دہانی کرائی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ دوسری جانب شریک چیئرمین پیپلز پارٹی سے فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ آصف زرداری نے ناراض جیالی کو منانے کے لیے کوششیں بھی شروع کر دیں۔

یاد رہے گزشتہ دنوں شریک چیئرمین پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کا دورہ کر کے آئے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران وہ اس بات پر زور دیتے رہے کہ فاٹا کے عوام کے حقوق کیلئے پر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے سال دو ہزار تیرہ کے انتخابات کو 'آر اوز' کے انتخابات قرار دیا اور کہا کہ اس مرتبہ ایسا نہیں ہو گا۔ اب ان کے ووٹر صرف ووٹ نہیں ڈالیں گے بلکہ آخر تک بیٹھے رہیں گے اور ہر پولنگ سٹیشن کا نتیجہ لے کر جائیں گے۔

آصف زرداری نے موجودہ حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس وقت ملک میں ایک مغل بادشاہ کی حکومت ہے۔ حکمرانوں سے تین سرحدیں نہیں سنبھالی جا رہیں جبکہ ان کے دور میں افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات بہتر تھے صرف کشمیر کی حد تک مسئلہ پایا جاتا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں