ایسٹ انڈیا کے بعد اب شریف خاندان کی کمپنیاں ہمیں لوٹ رہی ہیں: عمران خان

ایسٹ انڈیا کے بعد اب شریف خاندان کی کمپنیاں ہمیں لوٹ رہی ہیں: عمران خان

کوئٹہ: ایوب اسٹیڈیم میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان دنیا کا امیر ترین ملک بننے  کی راہ پر گامزن تھا اور آج اس ہی ملک میں محرومیوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ پاکستان کا صوبہ بلوچستان معدنی وسائل سے بھرا پڑا ہے لیکن یہاں کی عوام تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ اللہ تعالی نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے لیکن بدقسمتی سے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کی ترقی کی رفتار کم ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں کمپنیوں کی حکومت ہے کیونکہ شریف خاندان اور آصف زرداری سمیت چند دیگر خاندانوں کی اس ملک میں کمپنیاں ہیں جو امیر سے امیر تر ہوتی جا رہی ہیں اور قوم غریب ہوتی جا رہی ہے۔ یہ کمپنیاں کرپشن کر کے ملک کو کنگال کر رہی ہیں کیونکہ جس معاشرے میں کرپشن زیادہ ہو  وہ معاشرہ کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا اور اس کی معیشت قرضوں پر چل رہی ہوتی ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں مزید بتایا کہ پہلے ایسٹ انڈیا اب شریف خاندان کی کمپنیاں ہمیں لوٹ رہی ہیں اور یہ کمپنیاں کرپشن کے ذریعے ملک سے پیسہ باہر بھیج رہی ہیں۔ 3، 4 سال میں 800 ارب روپے ملک سے چوری ہو کر دبئی پراپرٹی کے کاروبار میں لگے۔

کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اگر بھارت پاکستان کا ایجنٹ پکڑتا تو بھارت نے پھر عالمی عدالت کی پروا بھی نہیں کرنی تھی۔ پاکستان میں پکڑا جانے والا بھارتی جاسوس کلبھوشن مان گیا تھا کہ اس نے دہشت گردی کی۔ ہم جانتے ہیں وزیراعظم آپ پاکستان کے مفادات کیلئے نہیں اپنے مفاد کے لیے کھڑے ہیں۔ کپتان نےالزام لگایا کہ کراچی میں ایک سیاسی جماعت بھی 'را' کو سپورٹ کر رہی ہے۔ 

عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میڈیا یا  ہمارے سوشل میڈیا کی آزادی کو نقصان پہنچایا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے اور ہم کسی صورت لوگوں کی آواز دبانے نہیں دیں گے۔ڈان لیکس کی بات نواز شریف کے میڈیا سیل سے باہر نکلی جس کی وجہ سے وزیراعظم پر قوم کو اعتماد نہیں رہا اب معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ 

 یہ بھی پڑھیں:آصف زرداری کا حقوق فاٹا کی ہر تحریک میں ساتھ دینے کا اعلان

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا لوٹ مار کو آج نہ روکا گیا تو 70 سال سے جو حالات ہیں وہ تبدیل نہیں ہونگے اور بلوچستان کے حکمرانوں نے بلوچستان کے نام پر سیاست کی۔ تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی تمام محرومیوں کو ختم کرے گی جبکہ کرپٹ عناصر کا پیچھا کرتے رہیں گے ان چوروں اور لٹیروں کو جیل میں ڈالیں گے۔

شاہ محمود  قریشی بھی اس موقع پر کافی پرجوش نظر آئے اور اپنے خطاب کے دوران کہا ہم کوئٹہ اترے تو خبر ملی اے این پی، پی پی پی اور جے یو آئی کے جلسے کینسل ہو گئے کیونکہ 4 دہشتگرد کوئٹہ میں داخل ہو گئے بڑا خطرہ ہے تاہم خان نے کہا جہاں خطرہ ہے وہاں عمران خان ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا سب سےزیادہ غربت بلوچستان میں ہے اور سب سے زیادہ غیرت بھی بلوچستان میں ہے کیونکہ بلوچ زبان اور دل کا کھرا ہوتا ہے۔

شیخ رشید کا خطاب

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کا مستقبل بلوچستان ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی، معیشت اور خوشحالی اس صوبے سے جڑی ہوئی ہے۔ بلوچستان کے نوجوان کو روزگار ملنے تک گوادر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف قوم کو گوادر کےنام پر دھوکا دے رہے ہیں جبکہ ان کے سیاسی دن پورے ہو چکے ہیں اور اب ن لیگ کا سیاسی جنازہ جلد نکلے گا۔

شیخ رشید نے مودی سرکار کو للکارتے ہوئے کہا ہم دوستی چاہتے ہیں مگر کشمیریوں پر ظلم برداشت نہیں کریں گے اور جندال کے آنے پر نواز شریف نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں