کورونا وائرس کی وبائی صورتحال پر سیاست نہ کی جائے، وزیر اعظم عمران خان

کورونا وائرس کی وبائی صورتحال پر سیاست نہ کی جائے، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے قومی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ ملک بھر میں جاری کورونا وائرس کی وبائی صورتحال پر سیاست نہ کی جائے۔


تفصیلات کے مطابق،  وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے ٹیلی میٹرز نصب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزارت آبی وسائل اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے۔

ٹڈی دل کے بڑھتے خطرات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے نمٹمے کیلئے حکومت پوری طرح مستعد ہے۔ ہم نے فوری اور بروقت اقدامات شروع کر دئیے تھے۔ انہوں نے قومی قیادت کو پیغام دیا کہ وباؤں کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایس ای سی پی پالیسی بورڈ چیئرمین کو تعینات کی منظوری جبکہ فیڈرل کنسولیڈیشن فنڈ اور پبلک اکاؤنٹس کی کسٹڈی اور آپریشنز کی سمری موخر کر دی گئی۔

اس کے علاوہ ہیلتھ کیئر اتھارٹی بورڈ ممبران کی نامزدگی اور ملک کے بڑے ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کے معاملے پر بحث کی گئی۔ کابینہ نے اس پر ایک کمیٹی قائم کر دی گئی۔