وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ترک صدر سے ملاقات، فلسطین کی صورتحال پر گفتگو

Foreign Minister Shah Mehmood Qureshi meets Turkish President and discusses the situation in Palestine
کیپشن: فائل فوٹو

انقرہ: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک صدر رجب طیب اردوغان سے اہم ملاقات کی جس میں فلسطین کی صورتحال اور اسرائیلی مظالم کیخلاف مل کر آواز اٹھانے پر بات کی گئی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی انقرہ میں صدارتی محل پہنچے جہاں ان کی صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات سے متعلقہ امور اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام ترک صدر کو پہنچایا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترک قیادت کی سوچ اور وژن میں مماثلت دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام کا باعث ہے۔

ترک صدر نے وزیر خارجہ کی ترکی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ترک صدر کے واضح اور دو ٹوک موقف کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پرزور اور غیر متزلزل حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں پاکستان کے موقف اور کاوشوں کا معترف ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطح سٹریٹیجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی میزبانی کریگا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیر خارجہ کو وزیر اعظم عمران خان کیلئے تہنیتی پیغام دیا

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی۔

بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب اور پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی مسلسل اور بھرپور حمایت کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے معاملے پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک حکومت کے ٹھوس اور واضح موقف کی تعریف کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور رمضان المبارک وعیدالفطر کے دوران فلسطین میں پرتشدد واقعات کے تسلسل سے پوری امت مسلمہ دل گرفتہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم پاکستان میں 21 مئی کو فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے “یوم یکجہتی فلسطین” کے طور پر منا رہے ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی جبراً بے دخلی کی پر زور مذمت کی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں مل کر آواز اُٹھانے کا فیصلہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔