بجٹ میں جہانگیر ترین عمران خان کو ووٹ دیں گے، شیخ رشید

بجٹ میں جہانگیر ترین عمران خان کو ووٹ دیں گے، شیخ رشید
کیپشن: بجٹ میں جہانگیر ترین عمران خان کو ووٹ دیں گے، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیں گے اور پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، جمعہ کو لال حویلی کے باہر فلسطین سے یکجہتی کیلئے جلسہ ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو بڑے پراجیکٹ ہیں جن میں ایک نالہ لئی اور دوسرا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ہے اور یہ دونوں بن گئے تو راولپنڈی مکمل ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل کا مشکور ہوں اور وہ ماں بچہ ہسپتال دیکھنے کیلئے آئے جبکہ کینسر کا بھی ایک ڈیپارٹمنٹ ہو گا اور 16 سال سے جو کام روکا ہوا تھا وہ 2 سال میں 80 فیصد تک مکمل کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا 6 ماہ کے اندر کوشش کرینگے کہ ایک او پی ڈی چل جائے اور مشینری کو 100 بیڈ کیساتھ چلا دیں، انگریز دور کے بعد یہ ماڈرن ہسپتال ہوگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا دورہ بہت کامیاب ہوا اور سعودی عرب سے ایسے تعلقات ہو گئے ہیں جیسے پہلے کبھی نہیں تھے۔ مظلوم فلسطینیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا پاکستان کا موقف واضح ہے اور جمعہ کو لال حویلی میں فلسطین کے حوالے سے جلسہ ہو گا۔

اس سے قبل جہانگیر ترین نے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور جوڈیشل کیمپلیس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 31 مئی تک ضمانت میں توسیع ہوگئی ہے، ایف آئی اے کو مکمل منی ٹریل دے دی ہے، میرے گروپ کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ نامناسب ہے، پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں، پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں۔  

دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانتوں میں 31 مئی تک توسیع کر دی گئی۔

شوگر سکینڈل اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے کے بعد جہانگیر ترین اپنے ہم خیال گروپ کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ہر صورت تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا اگر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔