تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، چیئرمین نیب

 تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، چیئرمین نیب
کیپشن: تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، چیئرمین نیب
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہےکہ آٹا چینی اور رنگ روڈ اسکینڈل سمیت تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا  اور  نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں بلکہ صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرجنرل نیب، ڈی جی آپریشنز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے بڑی مچھلیوں کے خلاف اربوں روپے کے 1269 ریفرنسز عدالتوں میں دائر کیے ہیں، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اورکرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں بلکہ صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب پربلاجواز تنقید کرنے والے عدالتوں میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دائر ریفرنسز کا دفاع کریں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب شوگر، آٹا اور رنگ روڈ اسیکنڈل، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گا، اختیارات کا ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثے، غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اسکینڈلزکو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، اس کے علاوہ مضاربہ اسکینڈل کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کیلئے کوشاں ہیں۔

گزشتہ روز راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس میں ڈی جی راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عبدالستار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ عبدالستار کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ 

اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے ۔

 زلفی بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام کے ذریعے کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم کی سوچ کے مطابق مثال قائم کر رہا ہوں، معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔