پی ٹی آئی جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی خیبرپختونخواہ میں بھی انٹری

پی ٹی آئی جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی خیبرپختونخواہ میں بھی انٹری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءجہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبرپختونخوا میں بھی انٹری دیدی ہے جہاں کئی اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔ 
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی انٹری دیدی ہے جہاں خیبر پختونخوا کے ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ہم خیال گروپ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔
راجہ ریاض نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خیال گروپ کو خیبرپختونخوا سے 5 ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے تاہم ان کے نام وقت آنے پر ہی بتائیں گے، اس کے علاوہ مزید ایم این ایز سے بھی رابطے میں ہیں، خیبرپختونخوا اسمبلی میں گروپ کی فی الوقت کوئی ضرورت نہیں لیکن وقت کے مطابق اور ضرورت پڑنے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی گروپ بناسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات لاہور میں جہانگیر ترین نے اپنے حامی ارکان پنجاب و قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا جہاں پی ٹی آئی میں ہی جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے باضابطہ قیام کا اعلان کیا گیا اور راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں گروپ کا پارلیمانی رہنماءبنایا گیا جبکہ پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر اس کی سربراہی کریں گے۔