این سی او سی کا 7 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

این سی او سی کا 7 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم جون سے آﺅٹ ڈور شادیاں اور 7 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الز مان کی زیرصدارت این سی اوسی کااجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت، وزیر صحت سندھ اور تمام فیڈریٹنگ یونٹوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور این پی آئیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق این سی او سی نے یکم جون سے آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم شادی میں زیادہ سے زیادہ 150 افراد کے ساتھ گھر سے باہر تقریبات منعقد کی جا سکیں گی جبکہ 7 جون سے تعلیمی شعبے بھی کھول دیئے جائیں گے، تمام میٹرک اور انٹر کے امتحانات 20 جون کے بعد ہوں گے جبکہ وزارت تعلیم کی سفارش کے مطابق پیشہ ورانہ امتحانات کیس ٹو کیس کی بنیاد پرہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا پروٹوکول کے ساتھ سیاحت کی اجازت ہو گی جبکہ زیارتیں ،سنیما، انڈور ڈائننگ، انڈور جیمز تاحکم ثانی بند رہیں گے، تفریحی پارکس، واکنگ، جاگنگ ٹریکس سخت کورونا ایس اوپیز کے ساتھ کھلے رہیں گے، رابطے کے کھیلوں، تہواروں، ثقافتی اور دیگر پروگرامز پر مکمل پابندی عائد ہو گی جبکہ تمام انڈور آﺅف ڈور ثقافتی، موسیقی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی بھی عائد ہوگی۔