پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ایک مرتبہ پھر غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ایک مرتبہ پھر غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دئیے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزز کی مالی مشکلات کا معاملہ اور کورونا ویکسی نیشن کا ایشو لیگ ملتوی ہونے کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہیں کیونکہ لیگ میں شرکت کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو تو ویکسین لگوا کر جانا تھا لیکن بہت سے ممالک کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کی ویکسین کا مسئلہ تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 6 کیلئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن کی چھوٹ نہ مل سکی کیونکہ وہاں کی گورنمنٹ نے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ تمام معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹا ایڈیشن ایک مرتبہ پھر ملتوی کیا گیا ہے۔ 
کراچی میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کروانے سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پی سی بی کو عید تک انتظار کرنے کو کہا تھا جبکہ فرنچائزز یو اے ای کا آپشن استعمال کرنا چاہتی تھیں، پی سی بی کے مطابق این سی او سی ایونٹ کا این او سی دینے کو تیار نہیں جس کے باعث کراچی کا آپشن تقریباً ختم ہوگیا۔ 
دوسری جانب پی ایس ایل پلیئرز کی پاکستان سے شیڈولڈ روانگی پہلے ہی موخر ہوگئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں اور پلیئرز کو ایڈوائزری بھی ارسال کر دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کے مطابق 22 مئی کو روانگی نہیں ہوگی، کھلاڑی فی الحال قرنطینہ کیلئے ہوٹل چیک ان نہ کریں۔
خیال رہے کہ پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں لیکن ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا اور پھر بورڈ اور فرنچائزز نے متفقہ طور پر چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔