پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے قیام کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے قیام کا اعلان
کیپشن: پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے قیام کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

لاہور: جہانگیر خان ترین کے ہم خیال اراکین اسمبلی اور رہنماؤں نے اتفاق رائے سے باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔

جہانگیر ترین کے ہم خیال اراکین اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں پنجاب اسمبلی میں 32 اراکین کی حمایت حاصل ہے جب کہ 10 سے 12 اراکین ایسے بھی ہیں جو خاموشی سے حمایت کر رہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہمارے ایم پی ایز کی مجموعی تعداد 32 ہے۔ کل تمام لوگ اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملیں گے اور ان کے سامنے 32 اراکین کو واضح طور پر ڈکلیئر کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان کے مطابق ہمیں 32 اراکین کے علاوہ 10 سے 12 اراکین کی مزید حمایت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ 10 سے 12 اراکین ووٹنگ اور پولنگ کے وقت ہمارا ساتھ دیں گے لیکن ابھی ان کے ناموں کو خفیہ رکھا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ بنا تھا اور اس کے چیئرمین اختر اقبال ڈار تھے۔ اختر اقبال ڈار نے جولائی 2018 میں کہا تھا کہ عمران خان خالص دودھ میں پانی ڈال کر بے اعتباری بن گئے ہیں میرا اور عمران خان کا مؤقف ایک ہی رہا کیونکہ عمران خان اور میں کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن طریقہ کار مختلف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کرپٹ لوگوں کو ساتھ ملاکر کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں جب کہ میں کرپشن کے خاتمے کے ساتھ کرپٹ لوگوں کا بھی خاتمہ چاہتا ہوں۔