زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی پیشکش کر دی

زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی پیشکش کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مستعفی معاون خصوصی زلفی بخاری نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کی پیشکش کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے ججز کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک سے باہر ہیں جبکہ شہباز شریف اور مریم نواز ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں لیکن میں یہیں پر ہوں، منگل کو کابینہ کا اجلاس ہے، میرا نام ای سی ایل پر ڈال دیا جائے اور جہاں تک استعفے کی بات ہے تو یہ قدم کسی دباﺅ میں آ کر نہیں اٹھایا بلکہ خود فیصلہ لیا۔ 
زلفی بخاری نے کہا کہ رنگ روڈ معاملے میں میرا نام نہیں لیا گیا، کہا گیا کہ ڈاکٹر توقیر شاہ کے رشتے دار ملوث ہیں، حکومت میں ڈاکٹر توقیر شاہ کا واحد رشتہ دار میں ہوں اس لئے میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔