ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں :چوہدری پرویز الہٰی

ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں :چوہدری پرویز الہٰی

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا اس وقت ن لیگ جلتے توے پر لیٹی ہوئی ہے ،انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہی کریں تو کیا کریں ،جو حالات بن چکے ان کی حکومت 1 ماہ سے زیادہ کی مہمان نہیں ۔

چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ان لوگوں کو ہم نے پنجاب میں سرپرائز دئیے تھے اب وفاق میں بھی دوبارہ سرپرائز دینے جا رہے ہیں ،وفاق میں دو ووٹوں کی اس وقت بہت اہمیت ہے اور ہم جانتے ہیں کہ سالک حسین اور طارق بشیر کا کیا کرنا ہے ،انہوں نے کہا میں نے سالک اور چیمہ صاحب کو ووٹ دینے کی بالکل اجازت نہیں دی ۔


چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی ٹکٹ اب فلم کی ٹکٹ بن گئی اور فلم بھی فیل ہے، اب صرف عمران خان کے ٹکٹ کی اہمیت ہے، شریفوں کی وفاق کی گیم ختم ہے،ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے مقابلے سے ہٹا نہیں کیونکہ انتخاب تو ہوا ہی نہیں، کبھی ایسے نہیں ہوا کہ پولیس اسمبلی میں ایسے گھسے اور کاروائی ہاتھ میں لے، یہ تو کہیں اسٹینڈ ہی نہیں کرتے کیونکہ حمزہ کا تو حلف بھی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا اب 100 فیصد دونوں واپس آئینگے اور ان کا وفاق میں دھڑن تختہ کرینگے ،اعتماد کے ووٹ سے قبل ہم سالک اور چیمہ کو واپس لائینگے ،چوہدری پرویز الہٰی نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وفاق میں ان کی حکومت 1 ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی ۔

 سپیکر قومی اسمبلی نے کہا شریفوں نے آج تک اپنے کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کیے ،میاں شریف کا آج بھی میرے پاس خط موجود ہے اگر کہیں تو میڈیا پر لا سکتا ہوں ،نواز شریف کو جب پرویز مشرف نے پکڑا تو میاں شریف کا ایک خط مجھے دیا گیا ،مریم ،کلثوم بی بی ،حمزہ خط لیکر آئے جس میں میاں شریف نے معافی مانگی تھی ۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہاشریفوں کی وفاق کی گیم ختم ہے ان کو سمجھ ہی نہیں آرہی ،ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں ،انہیں عوامی مفاد میں جلد از جلد الیکشن کی طرف چلے جانا چاہیے۔