جلاؤ گھیراؤ کیس سمیت تین مزید مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور

 جلاؤ گھیراؤ کیس سمیت تین مزید مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور

لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گیھراؤ کیس سمیت تین مزید مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی دو جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

 لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے آج جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت پر درخواست کی سماعت کی، عدالت میں کیس کی سماعت کے لئے عمران خان جج اعجاز احمد بٹر کے رو برو پیش ہوئے۔ 

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دوران سماعت دلائل میں کہا کہ 10 مئی کو یہ درد ناک واقع پیش آیا تو عمران خان نیب کے زیر حراست تھے، جب عمران خان کو اس معاملے کا معلوم ہوا تو انہوں نے اس  کی شدید مذمت کی۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے دو جون تک ان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کو دو جون تک گرفتار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی عدالت  نے عمران خان کوایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانےکی ہدایت بھی کر دی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران کو ہدایت کی آپ نے دوران تفتیش کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی ہے، جس کے جواب میں عمران خان نے جج کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کے آپ بے فکر ہوں جائیں۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زمان پارک جلاؤ گھیراؤ کیس اور ظل شاہ قتل کیس پر بھی سماعت کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا 2 جون کو پراسیکیوشن کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔