کور کمانڈر ہاؤس حملے کی مذمت کرتا ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا؛ عمران خان

کور کمانڈر ہاؤس حملے کی مذمت کرتا ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا؛ عمران خان

لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کور کمانڈر ہاؤس واقعے کی مذمت کر تے ہوئے کہا جو کچھ ہوا یہ قابل مذمت ہے، پہلے بھی مذمت کی تھی اب بھی کر رہا ہوں۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے متعلق کہاکہ جوکچھ بھی ہوا وہ بہت برا ہوا ہے، ایسانہیں ہونا چاہیے تھا اس سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، پوری دنیا میں ہمارے ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ میں نے میڈیا کو اپنا گھر کھول کر دکھا دیا ہے، اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ وہاں کوئی دہشت گرد چھپے بیٹھے ہیں۔

 عمران خان نے مزید کہا کہ میں نے پچھلے 35 سال سے اتنا ریاستی ظلم نہیں دیکھا، لوگوں کے حقوق صلب کر لیے گئے ہیں، ایسا ظلم تو سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس صورتحال میں اب صرف ایک ملک کی عدلیہ ہی بچی ہےجو شہریوں کے حقوق کا تحفظ کر رہی ہے۔

 سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کے سات ہزار لوگوں کو گرفتار کر کے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے، اس خوف و دہشت کی فضا میں ملک نہیں چل سکتا ہے۔ 

لاہور ہائیکورٹ میں کور کمانڈر ہاؤس کی ضمانت کی پیشی کے موقع پر عمران خان نے ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی ظلم کے خلاف لڑائی کے لیے پرعزم ہوں اور آخری بال تک لڑنے والا کپتان ہوں اس لیے آخری بال تک لڑوں گا۔