ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم کی ملاقات کے دوران بیٹی کی موجودگی پر تنقید

ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم کی ملاقات کے دوران بیٹی کی موجودگی پر تنقید

نیو یارک : نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پھر تنقید شروع ہو گئی ، اس بار جاپانی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انکی بیٹی کی موجودگی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم کی ملاقات میں ٹرمپ کی صاحبزادی اوانکا کی موجودگی کی تصاویر سامنے آگئیں جس کے بعد امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی کسی بھی غیرملکی سربراہ سے یہ پہلی ملاقات ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم شنزو ابے کی ٹرمپ ٹاور میں نو منتخب صدر کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات نوے منٹ تک جاری رہی، جس کی تصاویر جاپانی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی۔نو منتخب امریکی صدر کی غیر ملکی سربراہ سے پہلی آفیشل ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور ان کے داماد بھی نظر آئے، جس کے بعد ٹرمپ فیملی کو امریکی میڈیا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
امریکی عوام کی طرف سے انٹرنیٹ پر سخت ردعمل آیا ہے، کسی نے سوال اٹھایا کہ منتخب ڈونلڈ ٹرمپ ہوئے ہیں یا ان کا خاندان، ٹرمپ نے اپنی بیٹی کو سیکیورٹی کلئیرنس لیے بغیر اہم ملاقات میں شامل کیا۔کسی نے کہا کہ اوانکا ٹرمپ کاروباری معاملات چلاتی ہیں اور ان کی اس ملاقات میں موجودگی کی کوئی وجہ نہیں، سوائے اس کے کہ وہ ذاتی مفاد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔