عرب اتحاد نے یمن میں 48 گھنٹے کے سیزفائر کا اعلان کردیا

عرب اتحاد نے یمن میں 48 گھنٹے کے سیزفائر کا اعلان کردیا

ریاض: خبر رساں ادارے اے ایف کے مطابق عرب اتحاد نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف دو روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔عرب اتحاد کا اپنے بیان میں کہنا تھا، یمن میں 48 گھنٹے کے سیزفائر کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا آغاز ہفتہ کو دن 12 بجے سے ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جنگ بندی میں اس صورت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے، اگر حوثی باغی اور ان کے اتحادی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے محصور شہروں میں امداد کی ترسیل کی اجازت دے دیں گے۔بیان کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے سیزفائر کا اعلان ریاض میں مقیم یمن کے صدر منصور ہادی کی سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کو کی گئی درخواست پر کیا گیا۔
مزید کہا گیا 'اتحادی افواج سیزفائر کی پاسداری کریں گی تاہم ساتھ ہی باغیوں اور سابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ علاقے میں کوئی فوجی نقل و حرکت نہ کریں ورنہ عرب اتحاد کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔
عرب اتحاد کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ' فضائی اور بّری ناکہ بندی بھی ہوگی جبکہ نگرانی کرنے والے جنگی جہاز یمن پر اپنی پرواز جاری رکھیں گے'۔تاہم باغیوں کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا کہ وہ سیزفائر کی پاسداری کریں گے یا نہیں۔