چینی میڈیا میں شمالی کوریا کے سربراہ کو موٹا کہنے پر وزرا ءکا اظہار برہمی

چینی میڈیا میں شمالی کوریا کے سربراہ کو موٹا کہنے پر وزرا ءکا اظہار برہمی

بیجنگ :چین کے ذرائع ابلاغ میں شمالی کوریا کے شدت پسند اور مجموعہ اضداد سربراہ کیم جونگ اون کو موٹا کہنے پر شمالی کورین وزراء نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چینی حکومت سے اس طرح کے القابات کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے ذرائع ابلاغ میں شمالی کوریا کے سخت گیر رہنما کیم جونگ اون کے لیے ان کے موٹاپے اور بھاری بھرکم جسم کی بنا پر موٹا ، پنیر کا بڑا ٹکڑا اور موٹا کیم سوم جیسے الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں۔ حتی کہ چینی وزراء اپنی نجی نوعیت کی گپ شپ میں بھی کیم جونگ اون کو موٹا کہہ دیتے ہیں پر شمالی کوریا کے وزراء نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ہانگ کانگ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا کی حکومت میں شامل عہدیداروں اور وزراء نے چینی ذرائع ابلاغ میں کیم جونگ اون کو موٹا کہنے کا معاملہ غیرمعمولی حد تک سنجیدگی سے لیا ہے۔ وزراء کا کہنا ہے کہ اگر وہ اس معاملے میں لا پرواہی برتتے ہیں تو ان کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ ریاست کے سربراہ انہیں جان سے مار سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کے سخت گیر سربراہ کیم جونگ اون کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنی ہی کابینہ کے اہم عہدیداروں کو معمولی واقعات پر سزائے موت دینے سے بھی نہیں چوکتے۔انہوں نے اپنے ایک وزیر کو اجلاس میں اونگھنے پر سزائے موت دے دی تھی۔