ٹرمپ نے جوہری حملے کا حکم دیا تو تسلیم نہیں کروں گا،امریکی جنرل

ٹرمپ نے جوہری حملے کا حکم دیا تو تسلیم نہیں کروں گا،امریکی جنرل

امریکی فضائیہ کے جنرل اور اسٹریٹیجک کمانڈ کے سربراہ جان ہیٹن کا کہنا ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’غیرقانونی‘ طور پر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا حکم دیاتو وہ اس کی مزاحمت کریں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق جان ہیٹن نے کینیڈا میں ہالی فیکس انٹرنیشنل سیکورٹی فورم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے بہت سوچا کہ اگر انہیں اس طرح کا حکم دیا جائے تو وہ کیا کریں گے۔

ہیٹن کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرقانونی حکم سے متعلق صورتحال سے نمٹنا معمول کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی غیر قانونی حکم کی تعمیل کرتے ہیں تو آپ ساری عمر کے لیے جیل جا سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں امریکی جنرل کا کہنا تھا کہ میری دانش میں بعض لوگ سوچتے ہیں کہ ہم بیوقوف ہیں۔ ایسا نہیں،ہم ان باتوں کے بارے میں بہت سوچتے ہیں کہ جب آپ پر ایسی ذمہ داری ہو تو آپ کیا کریں گے۔

پینٹاگان کی جانب سے ہیٹن کے اس بیان پر ردعمل کا اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔یاد رہے  کہ اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام میں توسیع اور امریکا کو دھمکیاں دیتا رہا تو وہ 'ایسے غیض و غضب کا اظہار کریں گے کہ جسے اب تک دنیا نے دیکھا نہ ہوگا۔گزشتہ ماہ سینیٹر باب کورکر نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ امریکا کو 'تیسری جنگ عظیم کی راہ پر دھکیل رہے ہیں۔