تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کو سپرد خاک کر دیا گیا

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کو سپرد خاک کر دیا گیا
کیپشن: نماز جنازہ بعد نماز مغرب پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی گئی تھی۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کو قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ حاجی عبدالوہاب گزشتہ ہفتے ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے اور آج صبح لاہور کے نجی اسپتال میں دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

زندگی بھر اسلام کی دعوت دینے والے حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی گئی۔

حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں حاجی عبدالوہاب کو دولا مولا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

تبلیغ کے داعی حاجی عبدالوہاب کا پورا نام راؤ محمد عبدالوہاب تھا اور آپ 1923 میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہو گئے۔

انہوں نے تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی اور بطور تحصیلدار فرائض بھی سرانجام دیئے۔

مولانا عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے اور وہ پاکستان کی تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔