آج ہونے والی عدالتی کارروائی سے مطمئن ہوں، ڈاکٹر طاہر القادری

آج ہونے والی عدالتی کارروائی سے مطمئن ہوں، ڈاکٹر طاہر القادری
ہمیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کی پوری امید ہے، ڈاکٹر طاہر القادری۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف ملنے کی مکمل امید ہے۔سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری عدالت میں پیش ہوئے۔


طاہر القادری نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق آئی جی مشتاق سکھیرا پر فردِ جرم عائد ہونے کے بعد ہمارا کیس زیرو پر آ گیا ہے۔

انہوں نے درخواست کی کہ کیس کی دوبارہ تفتیش کے لیے دوبارہ جے آئی ٹی تشکیل دی جائے کہ جے آئی ٹی کی تشکیل ہماری ترجیح ہے۔

سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہونے والی عدالتی کارروائی سے مطمئن ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کےلیے لارجر بنچ تشکیل دے دیا ہے، ہمیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کی پوری امید ہے۔

عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ اس کیس کے لیے زندگی صرف کرنی پڑی تو کریں گے۔