بنی گالہ میں دونوں گھروں کی ریگولرائزیشن کیلئے وزیراعظم نے درخواست دیدی

بنی گالہ میں دونوں گھروں کی ریگولرائزیشن کیلئے وزیراعظم نے درخواست دیدی
کیپشن: سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں وزیراعظم عمران خان پر جرمانہ عائد کیا تھا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی دونوں گھروں کی ریگولرائزیشن کیلئے درخواست دے دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے 250 کنال پر اپنی رہائشگاہ اور ملحقہ بیٹھک کی عمارت کے کاغذات سی ڈی اے میں جمع کرائے ہیں جن میں زمین کے ملکیتی کاغذات، نقشے اور دیگر کاغذات سی ڈی اے کے شعبہ ون ونڈو میں جمع کرائے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم سی ڈی اے کو زون 4 کیلئے کمرشل اور رہائشی عمارتوں کی 132 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے زون 4 بنی گالہ کو ریگولرائز کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

ذرائع کے مطابق مالکان کو کمرشلائزیشن چارجز کی مد میں 3500 روپے فی مربع فٹ دینا ہو گا اور جرمانے کی مد میں 100 روپے فی مربع فٹ رہائشی عمارتوں کے مالکان سے لیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ بنی گالہ میں کمرشل عمارتوں کے مالکان سے 200 روپے فی مربع فٹ جرمانہ لیا جائے گا جب کہ بنی گالہ زون 4 کے رہائشیوں سے ڈیولپمنٹ چارجز الگ سے لیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں وزیراعظم عمران خان پر جرمانہ عائد کیا تھا اور انہیں اپنا گھر ریگولرائز کرانے کا حکم دیا تھا۔