جس مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، اسے حاصل کرنے کا وقت آگیا: آرمی چیف

جس مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، اسے حاصل کرنے کا وقت آگیا: آرمی چیف
کیپشن: image by facebook

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اب ہم ہائبرڈ عسکریت سے نبرد آزما ہیں، قوم بالخصوص نوجوانوں کو  ان مسائل سے بچانے کے لئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا.

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار جی ایچ کیو میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں میں پاکستان کو مختلف خطرات کا سامنا رہا، قوم اور مسلح افواج نے بہادری، کامیابی سے چیلنجز کا سامنا کیا.

انھوں نے کہا کہ جس مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، اسے حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے، ضرورت ہے کہ اب ہم کھڑے ہوں اورترقی کریں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نےان خطرات کوشکست دی ہے، اب ہم ہائبرڈعسکریت سے نبرد آزما ہیں، اس جنگ میں مذہبی، فرقہ ورانہ، لسانی، سماجی ایشوز کو دیکھ رہے ہیں، ہائبرڈ شکل میں قومی اور مربوط جواب دینے کی ضرورت ہے.

ان کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو تقسیم کیا جا رہا ہے، قوم بالخصوص نوجوانوں کو ان مسائل سے بچانے کے لئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا.