جدہ : سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی شوریٰ کونسل کے ساتویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت اسلامی شریعت کی پاسداری کر رہی ہے ، اعتدال پسندی ، رواداری کی اقدار اختیار کی ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان انسانی وسائل کی ترقی اور نئی نسل کو آنے والے دور کے لیے تیار کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔سعودی فرمانروا نے کہا کہ سعودی شہری مملکت کی ترقی میں ایک بنیادی قوت کی حیثیت رکھتے ہیں اور ترقیاتی منصوبے اطمینان بخش شرح سے اپنے اہداف حاصل کررہے ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ جب تک فلسطینیوں کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے اس وقت تک فلسطینی کاز سعودی عرب کی اولین ترجیح رہے گا۔یمن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی اس بحران میں شرکت کوئی انتخاب نہیں تھا بلکہ حوثی باغیوں سے نمٹنے کے لیے یہ ایک فرض تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گرد جماعتوں کی نہ صرف حمایت کررہا ہے بلکہ ان کی مالی معاونت میں بھی ملوث ہے، ایران اپنے ہمسایوں کے معاملات میں بھی دخل اندازی کرتا ہے ، شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب عراق کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا بھی خواہاں ہے۔