مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 14 افراد جاں بحق

مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 14 افراد جاں بحق
کیپشن: جاں بحق ہونے والوں میں سندھ کا صوفی فنکار ربانی چانڈیو بھی شامل ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: پنجاب کے علاقے عارف والا، مظفر گڑھ اور سندھ کے شہر گھوٹکی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 23 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے چک 17 ای بی کے قریب ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کوسٹر اور منی ٹرک کے درمیان تصادم ہوا ہے ،جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ادھرپنجاب ہی کے شہر مظفر گڑھ میں لوڈر گاڑی، مسافر وین اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہو گئی، اس حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق روہیلاں والی کے قریب مسافر وین تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے لوڈر گاڑی اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد میں سے اکثر مسافر وین پر سوار تھے، وین علی پور سے مظفر گڑھ کی جانب جا رہی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو دیہی مرکزِ صحت روہیلاں والی منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے شہر گھوٹکی کےقریب ایم فائیو موٹر وے پر تیز رفتار بس الٹنے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 3 خواتین جاں بحق اور بچی سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس کے مطابق بنوں سے کراچی جانے والی بس کو سکھر ملتان موٹر وے پر حادثہ پیش آیا، ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث تیز رفتار بس گھوٹکی کے قریب الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔

حادثے کے بعد ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں، حادثے میں متاثرہ افراد کو میرپور ماتھیلو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔