نواز شریف کو جس طرح بھیجا گیا وہ طریقہ کار غلط ہے، فواد چوہدری

نواز شریف کو جس طرح بھیجا گیا وہ طریقہ کار غلط ہے، فواد چوہدری
کیپشن: (ن) لیگ کے ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات کھجل خراب ہوتے رہے، فواد چوہدری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: فواد چوہدری نے ایک بار پھر سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی پر غم و غصے کا اظہار کرتے  ہوئے تنقید کی۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’مجھے کیوں نکالا‘ سے ’خدا کیلئے مجھے نکالو‘ کا سفراب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایسی لیڈرشپ جب ووٹ کیلئے عزت مانگتی ہے تو دراصل جمہوری نظام کا مذاق بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات کھجل خراب ہوتے رہے اور (ن) لیگ کی قیادت نے اپنے ورکروں کو دغا دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا اس طرح جانا معاشرے کی ناکامی کا تاثر گہرا ہوا ہے اور اس فیصلے پر سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کے حوالے سے آج کابینہ کے اجلاس میں غور ہو گا اور ہفتے کے دن ان کا فیصلہ ہوا جو پیر کو بھی ہو سکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نواز شریف کی صحت کے لیے دعا گو ہیں مگر جس طرح بھیجا گیا وہ طریقہ کار غلط ہے، میں سمجھتا ہوں کہ نواز شریف کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانا چاہیے۔ وہ سارے قیدی جو جیلوں میں ہیں کیا ان کا حق نہیں کہ ایک حلف نامہ دیں اور چلے جائیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہیں۔ آج کابینہ اجلاس میں متبادل توانائی کی پالیسی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں وہ نوکریوں سے زیادہ کاروبار کی طرف جائیں۔