حکومت سندھ اپنی کارکردگی بہتر کرے ، بلاول بھٹو برہم

حکومت سندھ اپنی کارکردگی بہتر کرے ، بلاول بھٹو برہم
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میری سیاسی جدوجہد پر وزراء کی خراب کارکردگی پانی پھیر  دیتی ہے ۔ 


تفصیلات کے مطابق،  چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  نے سندھ اسمبلی میں دو اجلاسوں کی صدارت کی۔ اس موقع پر سندھ حکومت کی کارکردگی پر وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے انھیں بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو نے اس موقع پر مختلف منصوبے جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزرا، معاون خصوصی، مشیران اور اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں، سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ صوبائی وزرا کی کارکردگی کا حساب مانگتے ہوئے بلاول نے  کہا کہ سکیمیں کیوں مکمل نہیں ہو رہیں؟ ڈیڑھ سال میں کیا کام کیا؟ اس موقع پر وزرا نے بیوروکریسی کی شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔

بلاول بھٹونے کہا  کہ میرے پاس اچھی شناخت رکھنے والے ارکان اسمبلی بھی موجود ہیں، میری سیاسی جدوجہد پر وزرا کی خراب کارکردگی پانی پھیر دیتی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے اور عوام سے رابطے بھی بڑھائیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر سندھ حکومت مزید سکیمیں لائے۔

بلاول بھٹو نے کراچی میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کو جلد ازجلد شروع کرنے جبکہ مٹھی اور اسلام کوٹ کے آر او پلانٹس کو فعال بنانے کی ہدایت بھی کی۔