آسٹریا میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

آسٹریا میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

ویانا: یورپین ملک آسٹریا میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 
آسٹرین چانسلر الیگزینڈر شالن برگ کے مطابق آسٹریا میں پیر سے 10 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن ہو گا جس میں ضرورت کے مطابق 20 روز تک توسیع بھی کی جا سکتی ہے جبکہ اگلے سال یکم فروری سے کورونا وائرس کی ویکسین بھی لازمی قرار دیدی جائے گی۔
آسٹرین چانسلر الیگزینڈر شالن برگ کا کہنا ہے کہ آسٹریا میں رواں ہفتے ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے لاک ڈاﺅن کیا گیا تھا جبکہ ملک بھر میں تقریباً 66 فیصد آبادی کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔
دوسری جانب جرمنی میں کورونا وائرس کیسز میں اضافے پر ویکسین ایڈوائزری کمیٹی نے 18سال سے زائد عمر کے تمام افراد کیلئے کورونا ویکسین بوسٹر شاٹ کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوسٹر شاٹ آخری کورونا ویکسین خوراک کے 6 ماہ بعد لگایا جائے۔
واضح رہے کہ جرمنی میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 65 ہزار 371 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ 264 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے باعث حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جو ان بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کیلئے غور و فکر کرنے میں مصروف ہیں۔