جھوٹے الزامات کے باوجود عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، لیگی رہنما

جھوٹے الزامات کے باوجود عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، لیگی رہنما

اسلام آباد: احتساب عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اہلیہ کی علالت کے باعث استثنا مانگا ہے ۔ (ن)لیگ اور نواز شریف نے ہمیشہ آئین و قانون کی پاسداری کی ہے اور انہوں نے ہمیشہ قانون کے مطابق کام کیا اور انہیں ملک کی معیشت عزیز ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے بچے بھی عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں ۔

لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ ہمارے رہنما اور ہم ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے جبکہ ایک جماعت کا سربراہ الیکشن کمیشن اور انسداد دہشتگردی عدالت سے مفرور ہے لیکن اس کے باوجود وہ تمام سیاسی جماعتوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کی علالت کے باعث باہر ہیں اور ہمارے قائدین نہ کبھی روپوش ہوئے نہ کمر درد کا بہانہ بنا کر بھاگے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلوں پر دنیا بھر میں اعتراض ہوتا ہے جبکہ کرپشن اور لوٹ مار کا الزام ہم پر ثابت نہیں ہوا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں