دشمن قومی اداروں کو لڑانا چاہتے ہیں، یہ تصادم ملک کیلئے بہتر نہیں، ایاز صادق

دشمن قومی اداروں کو لڑانا چاہتے ہیں، یہ تصادم ملک کیلئے بہتر نہیں، ایاز صادق

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف کے وکلا عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں وہ اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن میں موجود ہیں اور جیسے ہی ان کی طبیعت میں بہتری آئے گی نواز شریف پاکستان واپس آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ یا فوج کو کسی نے گالی نہیں دی اور ان کا احترام ہم سب پر لازم ہے جبکہ اندر بیٹھ کر بہت سی باتوں پر تبصرے ہوتے ہیں لیکن وہ منظر عام پر نہیں آتیں جو لوگ چاہتے ہیں کہ اداروں میں ٹکراﺅ ہو وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ ادارے آپس میں لڑیں لیکن ہمارے لیے بہتر ہے کہ اداروں کا تصادم نہ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے تحریری طور پر سپیکر کو آگاہ کرتے ہیں ان کی خواہش ہے کہ کسی بھی جمہوری شخص کو گرفتار نہ کیا جائے میں وہی شخص ہوں جس نے استعفے قبول نہیں کیے تھے اور پوری کوشش کی تھی کہ ان کے خلاف آنے والی قراردادوں کو مسترد کیا جائے کیونکہ لاکھوں کروڑوں ووٹ لے کر آنے والے لوگوں کو چند لوگوں کی خواہش پر حق نمائندگی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں