مریم نواز احتساب عدالت میں تسبیح پر مسلسل ورد کرتی رہیں

مریم نواز احتساب عدالت میں تسبیح پر مسلسل ورد کرتی رہیں

اسلام آباد: مریم نواز جمعرات کے روز احتساب عدالت میں پیشی کے لئے عدالت پہنچیں تو گاڑی سے نکلتے ہی ہاتھ میں تسبیح اٹھا لی اور کمرہ عدالت میں جاتے ہوئے تسبیح پر ورد کرتی رہیں جبکہ کمرہ عدالت میں بھی سیٹ پر براجمان ہونے کے بعد وہ مسلسل تسبیح پڑھتی رہیں۔

یاد رہے آج احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر پر فرد جرم عائد کر دی ہے ۔ نواز شریف پر فرد جرم ان کے نمائندے ظافر خان کے ذریعے عائد کی گئی۔ جج محمد بشیر نے ملزمان پر لگنے والے الزامات سنائے تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔

فرد جرم عائد کئے جانے کے موقع پر نواز شریف کے نمائندے ظافر خان  نے ان کا بیان پڑھ کر سنایا۔ انھوں نے کہا ہے کہ چھ ماہ میں تین ریفرنس نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔ شفاف ٹرائل ان کا حق ہے اور مانیٹرنگ جج خاص طور پر اس کیس میں تعینات کیا گیا۔

اس سے قبل احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سماعت روکنے جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی آج فرد جرم عائد نہ کئے جانے کی درخواستیں مسترد کر دیں تھیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں