مریم نواز اور کلثوم نے شہباز شریف کا راستہ روکا، شیخ رشید

مریم نواز اور کلثوم نے شہباز شریف کا راستہ روکا، شیخ رشید

اسلام آباد: نواز شریف، مریم نواز اور ان کے شوہر محمد صفدر پر فرد جرم عائد پر ردعمل دیتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ان لوگوں پر فرد جرم عائد ہونا قانون اور آئین پر عملدرآمد کی روشن مثال ہے اور یہ فیصلہ اس بات کی شہادت ہے کہ ابھی قانون اور انصاف زندہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کی کارروائی پر کوئی شبہ نہیں اور نہ ہی کسی عدالت پر تنقید کی جبکہ عدلیہ فیصلہ نہ کرتی تو ملکوں میں خانہ جنگی شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف فوج کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں اور وہ اپنے بغیر کسی الیکشن پر یقین نہیں رکھتے جب کہ نواز شریف کے خلاف جو فیصلہ آیا اس پر کسی نے نہیں کہا کہ ججوں نے غلط فیصلہ کیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ایک فری سائز پارٹی ہے اس میں 42 ممبر مشرف لیگ کی پیداوار ہیں جو مشرف کے ساتھ بک سکتے تھے وہ (ن) لیگ کے لیے بھی بک سکتے ہیں۔ اس وقت شہباز شریف کے لیے سنہری موقع تھا لیکن اس کے باوجود ان کو اہمیت نہیں ملی جبکہ مریم نواز اور کلثوم نے شہباز شریف کا راستہ روکا۔

یاد رہے آج قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے حوالے سے دائر ریفرنس کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں