احتساب عدالت میں چلنے والے مقدمات پر اطمینان ہے، فواد چوہدری

احتساب عدالت میں چلنے والے مقدمات پر اطمینان ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ احتساب عدالت میں مقدمات اچھے طریقے سے چل رہے ہیں جس پر ہمیں بہت اطمینان ہے۔شریف خاندان پر لندن فلیٹس پر فرد جرم عائد ہوگئی ہے، سب سے زیادہ اہم پاپا نوازشریف ہیں کیونکہ اصل میں پاپی پاپا ہیں۔عدالت میں ثابت ہوا اور فرد جرم عائد ہوگئی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب عدالت میں مقدمات اچھے طریقے سے چل رہے ہیں جس پر ہمیں بہت اطمینان ہے۔یہ لوگ کہتے ہیں کہ اقامے پر نکالا لیکن یہ نہیں بتاتے کہ اقامہ کس کا تھا۔ اقامہ کیپٹل ایف زیڈ ای کا تھا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ابھی تک جے آئی ٹی کی رپورٹ کا والیم ٹین نہیں کھلا، جب والیم ٹین کھلے گا تو ہمیں نہیں پتا کہ شریف خاندان نے کون کون سے ممالک میں کاروبار کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاناما کیس میں دیگر 400 لوگوں کے بھی نام ہیں۔ ایف بی آر، ایس ای سی پی اور نیب بتائیں کیا ان کے لیے بھی ایک تحریک چلانی پڑے گی۔ کیا پاکستان ایک بنانا ری پبلک ہے جہاں ہر کام کے لیے شہر بند یا احتجاج کرنا پڑے، کیوں ادارے اپنا کام کرنے کو تیار نہیں اور باقی لوگوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں جو کیسز زیر التوا ہیں ان پر کارروائی بہت سست ہے لہذا احتساب کے عمل کے لیے ضروری ہے کہ ان مقدمات پر کارروائی تیز کی جائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ فیصلوں اور ججوں کو جس طرح متنازعہ بنانے کی کوشش ہورہی ہے وہ ناقابل قبول ہے۔عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدمات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا مقدمہ بھی اختتام پر ہے۔ دونوں کے مقدمات کو نوازشریف کے مقدمات سے ملانا بھی گناہ ہے. ان کا نوازشریف کے مقدمات سے کوئی تعلق نہیں، یہ مقدمات اپنے میرٹ پر اگلے ہفتے تک ختم ہوجائیں گے۔