عمران خان کا حال اصغرخان جیسا ہوگا:بلاول بھٹوزرداری

عمران خان کا حال اصغرخان جیسا ہوگا:بلاول بھٹوزرداری

ٹنڈومحمد خان: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے پرویز مشرف کے ساتھ مل کر جمہوریت کے خلاف سازش کی تھی ان کا مستقبل وزیراعظم نہیں بلکہ ان کا حال اصغرخان جیسا ہوگا۔


تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف و دیگر پر فرد جرم عائد ہونے سے جمہوریت کمزور نہیں ہوگی اور نہ یہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہے۔ پائیدار جمہوریت کے لئے احتساب ضروری ہے۔ نوازشریف اور ان کے خاندان کے افراد کو چاہئے کہ خود پر لگے الزامات کا جواب دیں اور عدالتوں کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا وزراخود کہتے ہیں کہ صوبائی بجٹ سے عمران کا بجٹ چلتا ہے۔تحریک انصاف کی رہنما عائشہ گلا لئی کے بیان نے ثابت کردیا کہ تحریک انصاف کے سربراہ خواتین کے بھی خلاف ہیں، افسوس کی بات ہے کہ کے پی میں خواتین کی تذلیل کا بل پاس ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی سے ذاتی اختلاف نہیں لیکن عمران خان نے ہرموقع پر جمہوریت کے خلاف اقدامات اٹھائے ہمارا ان سے نظریاتی اختلاف ہے۔انہوں نے مشرف کے ساتھ مل کر بھی جمہوریت کے خلاف سازش کی تھی۔ 2014 میں جمہوریت پر حملہ ہوا تو عمران خان سب سے آگے تھے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے کے لئے آئین میں ترمیم کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی جو قومی اسمبلی کا رکن بن سکتا ہے وہ وزیراعظم بھی بن سکتا ہے۔