مضحکہ خیز رن آﺅٹ،اظہر علی نے بھی اپنا موقف دیدیا

مضحکہ خیز رن آﺅٹ،اظہر علی نے بھی اپنا موقف دیدیا
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ابوظہبی :گزشتہ روز آسٹریلیا کیخلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی بیٹسمین اظہر علی کے دوسری اننگز میں مضحکہ خیز طور پر رن آﺅٹ ہونے کی سوشل میڈیا پر دھوم مچی ہوئی ہے اور جو بھی ویڈیو کو دیکھتا ہے ہنسے بغیر نہیں رہ پاتا جبکہ رمیز راجہ نے ایسے رن آﺅٹ ہونے کو بے وقوفی قرار دیا تھا۔

اس ساری صورتحال کو دیکھتے ہوئے اظہر علی سے بھی چپ نہ رہا گیا اور انہوں نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کو اتنے آسان طریقے سے وکٹ نہیں دینی چاہئے تھی اور جس طرح میں آﺅٹ ہوا، وہ یقینا مضحکہ خیز تھا، مجھے اور اسد شفیق کو اندازہ ہی نہیں ہوا کہ کیا ہو رہا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ مدتوں یاد رکھا جائے گا اور برسوں اس پر بات ہو گی۔


تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ مجھ سمیت ڈریسنگ روم میں ہر کوئی حیران تھا۔ جب ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ وہ اسد شفیق سے کیا گفتگو کر رہے تھے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ میں اسد شفیق سے کہہ رہا تھا کہ گیند ہلکا سا سوئنگ ہوا ہے اور لیٹ سوئنگ ہو رہی ہے، میں نے ابھی یہ بتایا ہی تھا اور اتنی ہی بات ہوئی کہ رن آﺅٹ ہو گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے مضحکہ خیز رن آﺅٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔