چین نے مصنوعی چاند بنانے کا اعلان کیا  ہے

چین نے مصنوعی چاند بنانے کا اعلان کیا  ہے

بیجنگ : چین کے ایک شہر نے اگلے دو سال میں ایسا مصنوعی چاند بنانے کا اعلان کیا  ہے جو راتوں میں چاند کی طرح دھیمی روشنی فراہم کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چین کے جنوب مغربی شہر چینگ دو کی انتظامیہ نے سائنس فکشن جیسی فلموں کی طرح ایک اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا ہے جس کے تحت وہ مصنوعی چاند یا چمکنے والا سیٹلائٹ بنائے گی۔ مقامی اخبار کے مطابق سیٹلائٹ عام چاند کے مقابلے میں 8 گنا زائد روشنی خارج کرے گا جس کے بعد سڑکوں کی روشنیوں کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق انسانی چاند 10 سے 80 کلومیٹر قطر کے علاقے کو روشن کرسکے گا۔ اسے چینگ دو ایئرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مائیکروالیکٹرانکس سسٹم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے تیار کیا ہے۔ چینی ذرائع نے بتایا کہ دمکنے والا سیٹلائٹ کئی برس قبل تیار ہوا تھا اور اب وہ آزمائشی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

چینی سائنسدانوں نے سولر پینل جیسے آئینوں پر خاص قسم کی کوٹنگ کی ہے جو سورج کی روشنی کو انتہائی درجے تک منعکس کرکے چینگ دو شہر کی جانب بھیجے گی۔ یہ سیٹلائٹ چین کے قریب رہتے ہوئے مدار میں گردش کرے گا اور خود چین کی سرزمین سے بھی آسمان پر دمکتا دکھائی دے گا۔ لیکن اس کے راکٹ اور خلائی منصوبے کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔

اس سے قبل چین نے بھی خلائی اسٹیشن میر پر 25 میٹر قطر کا خلائی آئینہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا تاکہ سائبیریا کے تاریک اور سرد علاقوں کو منور کیا جاسکے لیکن بعض تکنیکی وجوہ کی بنا پر ایسا نہ ہوسکا۔

جبکہ اس سے قبل فرانسیسی ماہر نے بھی زمین کے اوپر آئینوں سے بھرپور ایک ہار کا خیال پیش کیا تھا جس سے پیرس کو پورے سال تک روشنی دینے کی بات کی گئی تھی۔