آسٹریلوی کپتان ٹم پین بھی محمد عباس کے مداح بن گئے

آسٹریلوی کپتان ٹم پین بھی محمد عباس کے مداح بن گئے
فوٹو سوشل میڈیا

آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹیم پین نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کو ورلڈ کلاس بولر قرار دیدیا۔


آسڑیلیا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں محمد عباس نے چار اننگز میں 17 وکٹیں لے کر کینگروز کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی۔جنوبی افریقی اسپیڈ اسٹار ڈیل اسٹین نے محمد عباس کو ٹیسٹ کرکٹ کا نمبر ون بولر قرار دیا جب کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پیش گوئی کی کہ محمد عباس بہت آگے جائے گا۔

سابق انگلش بلے باز مائیکل وان اور سابق ساؤتھ افریقن کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بھی محمد عباس کی کارکردگی کی تعریف کی۔عباس کی غیر معمولی بولنگ کے دنیا بھر میں چرچے ہیں اور اب آسڑیلوی ٹیم کے قائد ٹم پین بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے.

تسمانیہ سے تعلق رکھنے والے ٹم پین کا کہنا ہے کہ محمد عباس نے بہت متاثر کیا، یاسر شاہ نے بھی عمدہ بولنگ کی لیکن عباس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ٹم پین نے کہا عباس کی کامیابی کا بڑا راز اُن کی لائن اور لینتھ ہے، وہ ایک ایسا فاسٹ بولر ہے جو وکٹوں کے درمیان گیند کروا کر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔