منی لانڈرنگ روک لیں تو معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے، وزیراعظم عمران خان

منی لانڈرنگ روک لیں تو معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ وقت مشکل ہے لیکن ہم منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں تو ہم معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک سارک چمبر آف کامرس کے نائب صدر کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں تاجر برادری نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈکے لئے 9 کروڑ19 لاکھ روپے کے چیک وزیراعظم عمران خان کو پیش کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے، ماضی کی حکومتوں نے جہاں ملک کو ایک طرف اندرونی اور بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا وہاں اداروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا اور آج حالت یہ ہے کہ بڑے بڑے قومی ادارے خساروں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے، ماضی کے حکمرانوں کی غلط کاریوں اور غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے اسٹیل مل، پی آئی اے، پاکستان ریلوے، غرض جس ادارے کو دیکھیں وہاں اربوں روپے کے نقصانات ہیں، ملک میں وسائل کی کمی نہیں لیکن جس اندا ز میں اور جتنا بڑا ڈاکہ اس ملک پر مارا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں  نے کہا کہ موجودہ وقت بلاشبہ ایک مشکل وقت ہے پاکستانی قوم میں بے پناہ صلاحیت ہے ہم انشا اللہ جلد موجودہ بحران سے نکل جائیں گے،پاکستان میں ایک ایک شعبے میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت ہے،محض بیرون ملک سے ترسیلات زر قانونی طریقوں سے ملک بھیجی جائیں اور منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں تو ہم معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے، تاجر برادری نے نیا پاکستان مہم میں ساتھ دینے کا عزم کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے اگر تاجر برادری کا تعاون جاری رہا تو ہم جلد ہی اس مشکل سے نکل آئیں گے بزنس کمیونٹی کے وفد نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کی مہم میں حکومت کے ساتھ ہیں مشکل معاشی حالات سے نبرد آزما ہونے میں بھرپور ساتھ دیں گے۔