برطانوی خاتون کا اماراتی وزیر پر مبینہ جنسی حملے کا الزام

برطانوی خاتون کا اماراتی وزیر پر مبینہ جنسی حملے کا الزام

ابوظہبی: متحدہ امارات کے انتہائی اہم وزیر اور معروف شخصیت شیخ نہیان بن مبارک النہیان پر ایک غیر ملکی خاتون کی جانب سے جنسی حملے کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ایک معروف ادبی میلے کے موقع پر پیش آیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں چھپنے والی خبر کے مطابق ہے لیٹریری فیسٹیول کی انتظامیہ نے مبینہ واقعہ کو بنیاد بنا کر انتہائی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم دوبارہ کبھی ابوظہبی میں کبھی کام نہیں کرینگے کیونکہ یو اے ای کی معروف شخصیت شیخ نہیان بن مبارک النہیان اس الزام کے باوجود ابھی تک وزیر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ادھر شیخ نہیان نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

ادھر متاثرہ خاتون میک نمارا کا نام بتایا جا رہا ہے۔ اس نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا ہے کہ یہ واقعہ رواں سال 14 فروری کو پیش آیا تھا، انھیں ایک نجی جزیرے میں قائم گھر طلب کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ کا اصل مقصد ابوظہبی میں منعقد ہونے والے ادبی میلے پر تبادلہ خیال تھا۔

میک نمارا کا کہنا تھا کہ شیخ نہیان نے وہاں ان پر جنسی حملہ کیا، اس بارے میں انہوں نے فوری طور پر اپنے ادارے اور سفارتخانے کو مطلع کر دیا تھا۔ بعد ازاں جب کورونا لاک ڈاؤن کے بعد سفری پابندیاں ختم ہوئیں تو انھوں نے برطانیہ پہنچ پر پولیس کو بھی یہ واقعہ رپورٹ کیا تھا۔

بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون میک نمارا اپنے ساتھ انصاف کی منتظر ہیں۔ انھوں اس کیس میں اپنا نام مخفی رکھنے کے حق کو بھی چھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس کھونے کے لیے اب کچھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام میں نے صرف اس لئے اٹھایا ہے تاکہ شیخ نہیان جیسے طاقتور مردوں کی اس سوچ کہ وہ اس طرح کے کام کر کے بچ جائیں کو ختم کر سکوں۔

غیر ملکی میڈیا نے جب ان الزامات بارے شیخ نہیان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ تاہم برطانوی اخبار کو ایک لیگل فرم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے موکل کو اس الزام پر انتہائی حیرت اور افسوس ہوا ہے، وہ الزام جو مبینہ واقعے کے آٹھ ماہ بعد ایک اخبار کے توسط سے عائد کیا گیا۔ ان الزامات کی تردید کی جاتی ہے۔

ادبی میلے کی سربراہ کیرولین مشیل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ فروری میں ابوظہبی میں ہماری ساتھی اور دوست کیٹلن میک نمارا کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ایک خوفناک خلاف ورزی اور اعتماد اور منصب کا غلط استعمال تھا۔ شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے اپنی وزارتی ذمہ داریوں کا مذاق اڑایا اور بات کرنے کی آزادی اور خواتین کو بااختیار بنانے کی اپنی حکومت کی کوششوں کو افسوسناک انداز میں ناکام بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حملے کے قانونی حل کے حصول میں متاثرہ خاتون کی حمایت کرتے رہیں گے، اور ہم متحدہ عرب امارات میں اپنے دوستوں اور شراکت داروں سے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے طرز عمل پر غور کرنے اور دنیا کو واضح اشارہ بھیجنے کی تاکید کرتے ہیں کہ اس طرح کے سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہیے فیسٹیول اس وقت تک ابوظہبی میں منعقد نہیں ہو گا جب تک شیخ نہیان اس پوزیشن پر براجمان ہیں۔