سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع

اسلام آباد: العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات شائع ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں طلبی کے دونوں اشتہارات عدالتی احکامات کی روشنی میں 2 انگریزی اخبارات میں شائع کرائے گئے ہیں۔

بذریعہ اشتہار نواز شریف کو 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت طلبی کے اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو 6 جولائی 2018 کو 10 سال قید اور 8 ملین پاؤنڈز جرمانے کی سزا سنائی گئی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ 19 ستمبر 2018 کو نواز شریف کی سزا معطل ہوئی تو وہ جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل زیر سماعت ہے اور نواز شریف عدالت پیش ہونے کے پابند تھے۔

نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس کی تعمیل نہ ہو سکی۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی۔

واضح رہے کہ نواز شریف گزشتہ دنوں سے حکومتی اداروں کے بعد سے لیکر خبر میں آئے ہوئے ہیں تاہم گزشتہ رات کراچی میں ان کے خطاب نہ کرنے کے پیچھے کئی چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں ۔