حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں: شبلی فراز

حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں: شبلی فراز
کیپشن: file photo

پشاور: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں، اپوزیشن کی کرپشن بچانے کی مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ اپوزیشن اس وقت مکمل ناکام شو کر رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتا ہے۔ 2018 کے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مکمل مسترد کر دیا۔ ماضی میں اداروں کو کمزور اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی سیاست ہوئی، یہ کاروباری لوگ تھے، انہوں نے اپنی سہولت کے مطابق نظام چلایا، انہوں نے ہر ادارے میں اپنے سہولت کار بٹھائے، انہوں نے تمام اداروں کو بتدریج تباہ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سوالات کے جواب دینے کی بجائے چوری کے ساتھ سینہ زوری بھی کرتے ہیں۔ یہ عناصر اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔ ماضی میں اداروں کو کمزور اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی سیاست ہوئی، انہوں نے تمام اداروں کو بتدریج تباہ کر دیا۔ انہوں نے امپورٹ کو سستا اور ایکسپورٹ کو مہنگا کیا، ٹیکس نظام کو بھی انہوں نے مکمل تباہ کر دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز اور زرداری کی نسبت وزیراعظم عمران خان غریبوں کیلئے دل میں درد رکھتے ہیں، جب لیڈر کرپشن کرتا ہے تو اس کا نچلا طبقہ بھی کرپٹ ہوتا ہے۔ وزیراعظم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن اور مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، حکومتی اقدامات سے معیشت کو استحکام اور اقتصادی اشاریے بہتر ہوئے، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ، جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قانون سازی میں بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ ان لوگوں نے ملک کے مفاد میں قانون سازی کی مخالفت کی، ایف اے ٹی ایف قانون میں یہ لوگ ترامیم کرانا چاہتے تھے۔

شبلی فراز نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، حکومت میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، حکومت کی پوری کوشش ہے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے۔