مریم نواز سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، صفدر کی گرفتاری پر اظہار افسوس

مریم نواز سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، صفدر کی گرفتاری پر اظہار افسوس
کیپشن: file photo

کراچی : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ، مولانا فضل الرحمان نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا۔

ادھر مریم نواز کراچی میں ہوٹل سے محمد زبیر کے گھر پہنچ گئیں، محمد زبیر کا کہنا ہے کہ مریم نواز میرے گھر کھانے پر آئی ہیں۔

احسن زبیر کا کہنا ہے کہ ہمارے گھر پر کوئی چھاپہ نہیں پڑا، مریم نواز کی آمد سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو گھر بلایا تھا، چھاپے کی اطلاعات غلط ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی گرفتاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، انہوں نے کہا کہ مریم نواز ساڑھے 3 بجے پریس کانفرنس کریں گی۔

سید غنی نے بھی مریم نواز کی گرفتاری کی خبروں کی تردید کی ہے۔

اس سے قبل ترجمان مسلم لیگ (ن) محمد زبیر نے کہا کہ سندھ پولیس پر دباؤ ڈال کر اسٹنگ آپریشن کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بھی کہنا ہے کہ سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ پولیس کا یہ معیار ہوگیا ہے کہ کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر گھس گئی۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، سعید غنی سے بات ہوئی ہے، سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا۔ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر سوچا گیا اس کا الزام سندھ حکومت پر جائے گا۔ سب کے سامنے آ جائے گا کہ سندھ حکومت پر کس نے دباؤ ڈالا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بھی کہنا ہے کہ سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے شوہر کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ان کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کیا۔

مریم نواز نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنی شوہر کی گرفتاری کی اطلاع دی اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک کی ایک ٹوئٹ بھی شیئر کی۔

مریم نواز نے کہا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔ ذیشان ملک کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ویڈیو میں ہوٹل کے کمرے کا ٹوٹا ہوا لاک دکھایا گیا ہے۔