اپوزیشن نے سیاست کیلئے قائداعظم کے مزار کو بھی نہیں چھوڑا: شیخ رشید

اپوزیشن نے سیاست کیلئے قائداعظم کے مزار کو بھی نہیں چھوڑا: شیخ رشید
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظم کی قربانیوں کی وجہ سے ہوا، ان لوگوں نے سیاست کیلئے قائداعظم کے مزار کو بھی نہیں چھوڑا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سینیٹ الیکشن نہ جیت سکیں۔ لیکن پی ٹی آئی مارچ میں سینیٹ الیکشن میں مزید سیٹیں لے گی اور اکثریت حاصل کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم والے جلسہ جلسہ کھیلنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ملکی تاریخ میں مینار پاکستان سے بڑا جلسہ کسی نے نہیں کیا، اگر جلسوں سے حکومت گرسکتی تو کوئی بھی حکومت کیخلاف کھڑا ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان 2،3 ماہ میں مہنگائی کا جن بوتل میں بند کردیں گے۔ مولانا کہتے ہیں نئے الیکشن کرائیں، مریم کہتی ہیں سب کچھ سمیٹ لیں گے۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں، اپوزیشن کی کرپشن بچانے کی مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ اپوزیشن اس وقت مکمل ناکام شو کر رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتا ہے۔ 2018 کے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مکمل مسترد کر دیا۔ ماضی میں اداروں کو کمزور اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی سیاست ہوئی، یہ کاروباری لوگ تھے، انہوں نے اپنی سہولت کے مطابق نظام چلایا، انہوں نے ہر ادارے میں اپنے سہولت کار بٹھائے، انہوں نے تمام اداروں کو بتدریج تباہ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سوالات کے جواب دینے کی بجائے چوری کے ساتھ سینہ زوری بھی کرتے ہیں۔ یہ عناصر اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔ ماضی میں اداروں کو کمزور اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی سیاست ہوئی، انہوں نے تمام اداروں کو بتدریج تباہ کر دیا۔ انہوں نے امپورٹ کو سستا اور ایکسپورٹ کو مہنگا کیا، ٹیکس نظام کو بھی انہوں نے مکمل تباہ کر دیا۔