"کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری" ،بلاول کا مریم سے رابطہ ،بڑی کاروائی کا حکم دیدیا

کراچی :کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری کے بعد بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن کی نائب صد ر مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،بلاول کا کہنا تھا کہ رات گئے یوں اس طرح کی گرفتاری سندھ کی روایات کے بھی منافی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مزار قائد پر سیاسی نعروں کے بعد کیپٹن (ر)صفدر اور مریم نواز کے خلاف پولیس نے کاروائی کرتے ہوئےکیپٹن (ر)صفدر کو گرفتار کر لیا ،اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا ہے ، میں اس تکلیف دہ گھڑی میں آپ کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ رات گئے یوں اس طرح کی گرفتاری سندھ کی روایات کے بھی منافی ہے،ٹیلی فونک رابطے کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مریم نوا ز سے کہنا تھا کہ پی پی پی اور سندھ حکومت کو گرفتاری کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا، میں نے وزیراعلی سندھ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو بلاول ہاؤس میں رہائش کی پیشکش بھی کر دی ہے ،خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)  صفدر کو سندھ پولیس نے مزار قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔