بلاول بھٹو کی مریم نواز کو بلاول ہاؤس میں رہائش کی پیشکش

 بلاول بھٹو کی مریم نواز کو بلاول ہاؤس میں رہائش کی پیشکش
کیپشن: کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میرے لیے باعث صدمہ ہے، بلاول بھٹو زرداری۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ٹیلیفونک رابطے میں بلاول بھٹو زرداری نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی مذمت کی اور مریم نواز سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میرے لیے باعث صدمہ ہے، جس طرح گرفتاری کی گئی، وہ سندھ کی روایات کے خلاف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کو گرفتاری کے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا تھا جب کہ وزیراعلیٰ کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو بلاول ہاؤس میں رہائش کی پیشکش بھی کی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)  صفدر کو سندھ پولیس نے مزار قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیر کی صبح کراچی میں نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ سے بتایا تھا کہ کراچی میں پولیس نے ہوٹل میں ہمارے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔