دسمبر میں تبدیلی آئے گی اور مڈ ٹرم انتخابات ہونگے، جاوید ہاشمی کا دعویٰ

دسمبر میں تبدیلی آئے گی اور مڈ ٹرم انتخابات ہونگے، جاوید ہاشمی کا دعویٰ
کیپشن: پی ڈی ایم بہت کامیابی اور بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھ رہی ہے، جاوید ہاشمی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ملتان: مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ دسمبر میں تبدیلی آئے گی اور مڈ ٹرم انتخابات دیوار پر لکھے جاچکے ہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کاکہنا تھاکہ مڈٹرم انتخابات دیوار پرلکھے ہوئے ہیں، ملک میں سیاسی بحران گہرا ہوتا جارہا ہے جب کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بہت کامیابی اور بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کا حل پی ڈی ایم نے اپنے اتحاد میں بتا دیا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور  بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور ملک میں قحط زدہ ممالک سے بھی برے حالات ہیں۔

سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ عوام کی یہ بدقسمتی ہےکہ حکمران ان کے زخموں پر مرہم رکھنےکےلیے تیار نہیں اوراب عوام بھی عمران خان کی پالیسیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس مہنگائی کنٹرول کرنےکے لیے بنائی گئی تھی لیکن اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والی 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو رواں ماہ سے شروع ہونے والے ’ایکشن پلان‘ کے تحت 3 مرحلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش شروع کر رکھی ہے اور حکومت کے خلاف گوجرانوالہ اور کراچی میں بھی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ 

ایکشن پلان کے تحت پی ڈی ایم نے رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ’فیصلہ کن لانگ مارچ‘ کرنا ہے۔

مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکرٹری جنرل ہیں۔