والد کو بچانے کیلئے مریم نواز اداروں کا تقدس ختم کر رہی ہیں:شاہ محمود قریشی 

والد کو بچانے کیلئے مریم نواز اداروں کا تقدس ختم کر رہی ہیں:شاہ محمود قریشی 

ملتان:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کسی شخص کو مزار قائد کی بے حرمتی نہیں کرنے دینگے، مریم نواز نے مزار قائد کی بے حرمتی کی ، ان کے والد نواز شریف نے عدالت عظمیٰ پر حملہ کیا،دونوں باپ بیٹی ریاستی اداروں پر حملوں کے مرتکب ہوئے،جو کسی صورت برداشت نہیں،والد کو بچانے کیلئے مریم نواز اداروں کا تقدس ختم کر رہی ہیں،جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کی آڑ میں حکومت سے رعایت لینے کی کوشش کی،حکومت کی جانب سے دو ٹوک انکار کے بعد اپوزیشن ‘ عوام میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں جس میں وہ ناکام ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی وہ ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں، یہ عناصر کرپشن چوری اور لوٹ مار کے ذریعے سے کمائی گئی دولت کو ہڑپ کرنا چاہتے ہیں لیکن جس جس نے ملک لوٹا اس کو حساب دینا ہوگا۔

 انہوں نے کہا ہم مانتے ہیں کہ مہنگائی ہے لیکن ہم مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں۔ مہنگائی سابقہ حکومت کا تحفہ ہے،ان کی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی وجود میں آئی۔ انہوںنے کہاکہ اسحاق ڈار نے مصنوعی طریقے سے معیشت کو سہارا دیا، ٹیکس نظام کو بھی انہوں نے تباہ کیا، حکومتی اقدامات سے معیشت کو استحکام ملا، اقتصادی اعشاریے بہتر ہوئے، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہوا، جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملکی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہیں، انہیں غریبوں اور متوسط طبقے کا بھر پور احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا،ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جس کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان بلکہ باالخصوص جنوبی پنجاب کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کی بدولت جنوبی پنجاب خطے کا مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کرونا کے باعث ملکی معیشت شدید متاثر ہوئی جو بتدریج بہتر ہو رہی ہے، کرونا کے حوالے سے ہمارے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔